25 مئی ، 2020
کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے میں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق تین دوستوں کی میتیں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا دی گئیں جن میں دو کزن اور ان کا ایک دوست بھی شامل ہے۔
طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے راجہ آصف اور سید دانش آپس میں کزن تھے اور جاں بحق ہونے والے دونوں کے دوست ملک ذیشان بھی تھے۔
تینوں کی میتیں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر حلقے کے ایم این اے عامر کیانی اور خرم نواز نے وصول کیں۔
ایم این اے خرم نواز اور عامر کیانی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق دو کزن ایک ہی گھر میں رہتے تھے جب کہ تیسرا ان کا دوست تھا جو سانحہ میں جاں بحق ہوا۔
عامر کیانی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق دو کزنز راجہ آصف اور سید دانش کی میتیں راولپنڈی بھجوادی گئی ہیں جب کہ ملک ذیشان کی میت آبائی علاقے پنڈی گھیب روانہ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کزنز کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے ریس کورس راولپنڈی میں ادا کی جائےگی۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق دوکزنز کے بھائی کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طیارہ بجلی کی تاروں پرگرنے سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے کپڑے ٹھیک تھے وہ کرنٹ سے جاں بحق ہوا، جلا نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور سے کراچی آنے والے طیارے کے حادثے میں عملے کے 8 ارکان سمیت 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔