Time 25 مئی ، 2020
دنیا

افغان حکومت نے طالبان کے مزید 100 قیدی رہا کردیے

افغان حکومت نے طالبان کے مزید 100 قیدی رہا کردیے، افغان صدر نے گزشتہ روز 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے عید کے تین دنوں میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کا افغان صدر اشرف غنی نے خیر مقدم کیا تھا اور طالبان کے 2 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 100 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ افغان حکومت نے بگرام کی جیل سے 100 طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔

امریکا طالبان امن معاہدہ

29 فروری 2020 کو قطر میں ہونے والے امریکا طالبان معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی شرط بھی شامل تھی جس کے تحت 10 مارچ 2020 تک طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کرنا تھا تاہم فریقین کے درمیان تنازعات اور افغان حکومت کے اعتراضات کے باعث یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔

قیدیوں کے تبادلے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہونے ہیں جس میں افغانستان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔

مزید خبریں :