Time 26 مئی ، 2020
پاکستان

آنے والے دنوں میں مزید وینٹی لیٹرز کی ضرورت پڑےگی: چیئرمین این ڈی ایم اے

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفیٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے، آنے والے دنوں میں مزید وینٹی لیٹرزکی ضرورت پڑےگی۔

اپنے بیان میں چیئرمین این ڈی ایم اے کاکہنا ہے کہ ابھی تمام شہروں میں وینٹی لیٹرز 50 فیصد سے زیادہ استعمال نہیں ہوئے لیکن حالات خراب رہے تو جون کے آخر تک2 ہزار وینٹی لیٹرز چاہیے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 31 مئی تک ہمارے پاس مزید 585 آئی سی یو وینٹی لیٹر موجود ہوں گے، این ڈی ایم اے نے 1310 وینٹی لیٹرز کا آرڈر دیا ہوا ہے، امریکا نے بھی 200 وینٹی لیٹرز کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔

لیفیٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر کے 365 اسپتالوں کو کورونا کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جو وینٹی لیٹر اسپتالوں میں جائیں گے وہاں اسٹاف کی ٹریننگ اور تنصیب بھی معاہدوں میں شامل ہے جب کہ 3 سال تک وینٹی لیٹرز کی مرمت  بھی معاہدے میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 وینٹی لیٹر فوری طور پر پشاور کو فراہم کیے جائیں گے، فیصل آباد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 12وینٹی لیٹر ہیں جن میں سے 5 پرمریض ہیں جب کہ ملک بھر میں 128 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 1202 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :