طیارے حادثے کا شکار زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم

۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

22 مئی کو کراچی کے علاقے جناح گارڈن میں بد قسمت طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم 'سکہ' ریلیز ہو گئی۔

اس مختصر فلم 'سکہ' میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے صداکاری کی ہے اور فلم میں دو خواتین کی زندگیوں کو دکھایا گیا ہے جو ایک دوسرے سے بالکل مختلف زندگی گزار رہی ہیں۔

زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم کی ہدایت کاری احمد صارم نے کی ہے جس میں زارا عابد نے ہی دونوں خواتین کا کردار ادا کیا ہے جن کی زندگیاں تو مختلف ہیں لیکن خواہشات ایک سی ہیں۔

اس ضمن میں مختصر فلم 'سکہ' کے ہدایت کار کا کہنا تھا کہ میں نے پچھلے سال اس فلم کی کہانی تحریر کی تھی اور اس وقت میں نے زارا سے رابطہ کیا تھا اور انھوں نے اس فلم میں اداکاری کرنے کی حامی بھری تھی'۔

نوجوان ہدایت کار نے بتایا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنا چاہ رہے تھے، ان کے چینل کا نام قصہ نگری ہے اور اس پر اپ لوڈ کی جانے والی پہلی فلم 'سکہ' ہے جس میں زارا عابد نے اداکاری کی تھی۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

مزید خبریں :