Time 27 مئی ، 2020
دنیا

متنازع علاقے میں داخل ہونے پر چینی فوجیوں نے بھارتی اہلکاروں کی درگت بنا دی

بھارت نے چین کے خلاف بھی محاذ آرائی ترک نہ کی لیکن کرارا جواب ملتے ہی مذاکرات کی کوشش شروع کر دی، متنازع علاقے میں داخل ہونے پر چینی فوج نے بھارتی اہلکاروں کی درگت بنا دی۔ 

چینی فوجیوں نے مکے مار مار کر بھارتی اہلکاروں کے منہ سُجا دیے جس کی ویڈیو جیو نیوز  نے حاصل کر لی ہے۔

مشرقی لداخ کے علاقے میں بھارتی اہلکاروں کی چینی فوج سے جھڑپیں ہوئیں جب کہ سرحدی خلاف ورزی پر چین کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ 

چینی فوج نے متنازع علاقے میں گشت کرنے والی بھارتی فوج کا ناطقہ بند کر دیا ہے، بھارت نے اعتراف کیا ہے کہ فوجیوں کو پکڑنے کی خبریں منظر عام پر  آنے سے قومی مفاد مجروح ہو رہا ہے۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ مشرقی لداخ کی سرحد پر چین نے گشت پر مامور ہمارے اہلکاروں کو نہیں پکڑا ہے۔

مشرقی لداخ کی سرحد پر بھارت چین تناؤ برقرار ہے اور مذاکرات کے باوجود کشیدگی کم نہیں کی جا سکی ہے۔ 

بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم پر چینی فوج نے منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوزیشن مضبوط کر لی ہے، چینی فوج نے مشرقی لداخ میں 100 خیمے نصب کر لیے جس پر جارحیت میں پہل کرنے والے بھارت نے خوب واویلا کیا ہے۔ 

دوسری طرف بھارت نے پنگونگ جھیل اور دمچوک علاقے میں فوجیوں کی تعداد بڑھانا شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی اہلکار مشرقی لداخ کے علاقے میں 5 مئی کو چینی فوج سے جھڑپیں کر چکے ہیں۔ 

چینی فوج نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے درجنوں بھارتی اہلکاروں کو زخمی کر دیا تھا، بھارتی میڈیا نے لکھا ہے کہ 2 روزہ جھڑپوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا تھا، شمالی سکم میں 9 مئی کو محاذکھولنے پر بھی بھارت کو منہ کی کھانا پڑی تھی۔

مزید خبریں :