پاکستان کے 3 ایتھلیٹس کا ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال سے انکار

ڈوپ ٹیسٹ مثبت ثابت ہونے اور کارروائی مکمل ہونے کی صورت میں پاکستان کو 5 میڈلز سے محروم ہونا پڑے گا— فوٹو: فائل

پاکستان کے 3 ایتھلیٹس نے ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال سے انکار کر دیا ہے، ان ایتھلیٹھس کے ساؤتھ ایشین گیمز  کے دوران ڈوپ ٹیسٹ کیے گئے تھے جو اب مثبت آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ ایتھلیٹس نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ایتھلیٹس نے اپنے جواب میں ادویات استعمال کرنے سے انکار اور بی سیمپل کے لیے جانے کا کہا ہے۔

ایتھلیٹس کو نوٹس کا جواب دینے کیلئے 27 مئی تک مہلت دی گئی تھی۔ تین ایتھلیٹس محبوب علی ،محمد نعیم اور سمیع اللہ کے ساؤتھ ایشین گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

ایتھلیٹس کے حوالے سے اب واڈا قوانین کے تحت کارروائی ہو گی۔ساؤتھ ایشین گیمز میں قومی ایتھلیٹس محبوب علی اور محمد نعیم نے گولڈ جبکہ سمیع اللہ نے برانز میڈل جیتا تھا۔

ڈوپ ٹیسٹ مثبت ثابت ہونے اور کارروائی مکمل ہونے کی صورت میں پاکستان کو 5 میڈلز سے محروم ہونا پڑے گا۔ پاکستان نے ریلے ریس میں 2 برانز میڈل بھی حاصل کیے تھے۔ ساؤتھ ایشین گیمز گزشتہ سال نیپال میں منعقد ہوئے تھے۔

مزید خبریں :