27 مئی ، 2020
حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کو زبردستی اسپتال منتقل کرنے کا تاثر غلط ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا مریضوں کو زبردستی اسپتال منتقل کرنے کے تاثر کو زائل کرنا ضروری ہے تاکہ شہری بلا خوف ٹیسٹ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آئے اورعلامات نہ ہوں تو مریض اے کیٹگری میں آتا ہے اور اے کیٹگری والے کورونا مریض کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی جاتی جبکہ اس حوالے سے سندھ حکومت نے ضابطہ کار بھی جاری کررکھے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آئےاورعلامات نہیں تو مریض خود کوگھر میں آئسولیٹ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری کورونا ٹیسٹ کرانے سے مت گھبرائیں، اگر کورونا علامات ہیں تو محکمہ صحت کی ہیلپ لائن سے رجوع کریں۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم گھر آکر مفت کورونا ٹیسٹ کرے گی، ٹیسٹ مثبت آنے پر محکمہ صحت کی ٹیم مریض کی رہنمائی کرے گی۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں بھی کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور کراچی شہر کے تمام اسپتال وائرس سے متاثرہ مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
صوبے میں مہلک وئرس سے اموات کی تعداد 380 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔