Time 28 مئی ، 2020
پاکستان

امریکی ادارے نے پاکستان میں ٹڈی دل کے خطرناک حملوں سے خبردار کردیا

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن نے خبردارکیا ہےکہ پاکستان میں بارش کے بعد ٹڈیوں کے حملے میں تیز تر اضافہ ہوسکتا ہے۔

ٹڈیوں کےحملوں سے پریشان کسانوں کے لیے پاکستان میں بارشوں کی پیشگوئی نے خطرے کی نئی گھنٹی بجادی ہے۔

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن نے خبردارکیا ہےکہ بارشوں کے بعد ٹڈیوں میں تیز تر اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ تیز بارش ٹڈیوں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  نرم زمین پر ٹڈیاں ایک اسکوائر میٹر میں 1000 انڈے دے سکتی ہیں اور  ایک ٹڈا یومیہ 2 گرام خوراک کھاسکتاہے۔

رپورٹ کے مطابق درمیانے درجے کا ایک غول یومیہ 35 ہزار افراد کی خوراک چٹ کرسکتا ہے اور کروڑوں ٹڈیوں کا غول ہوا کے رخ پر یومیہ 150 کلومیٹر سفر طے کر سکتا ہے۔

 فوڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن نے حکومت پاکستان  پر زور دیاکہ موسلادھاربارش کے بعد سروے اور ایکشن پلان پر فوری عمل کریں۔

’ملک میں شدید غذائی قلت کا بھی خدشہ ہے‘

دوسری جانب سندھ آباد گار بورڈ کے رہنما محمود نواز شاہ کا کہنا ہے کہ مقامی تخمینے کے مطابق 50 فیصد فصل متاثر اور ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوسکتاہے۔

انہوں نےکہا کہ ملک میں شدید غذائی قلت کا بھی خدشہ ہے، وفاق اور صوبوں میں ٹڈیوں کے معاملے پرکوئی رابطہ نظر نہیں آتا، ٹڈیوں کومون سون میں کنٹرول نہیں کیا گیا تو پھر یہ فیلڈ میں کنٹرول نہیں ہوسکیں گی۔

مزید خبریں :