28 مئی ، 2020
امریکا میں صرف 4 ماہ کے دوران کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوزکر گئی۔
امریکا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 21 جنوری کو واشنگٹن میں رپورٹ ہوا تھا اور اس وقت سے لیکر اب تک 17 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ایک لاکھ 2 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد کوریا،ویتنام، عراق اور افغانستان میں ہونے والی جنگوں کی مجموعی ہلاکتوں سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
ادھر امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہےاور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اموات کی تعداد حکومتی اعداد و شمار سے بھی زیادہ ہے۔
ابتدائی طو ر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کوروناوائرس کو عام نزلہ زکام کی کیفیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صورت حال کنٹرول میں ہے اور کسی معجزے کی طرح یہ وبا بھی ختم ہو جائے گی۔
ٹرمپ نے پہلے کورونا سے 50 ہزار سے 60 ہزار افراد کی ہلاکت کا بیان دیا، پھر 60 سے 80 ہزار افراد کی ہلاکت کا کہا اور پھر اس تعداد کو بڑھاتے ہوئے ایک لاکھ بتایا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ان کی انتظامی کارکردگی کی وجہ سے ہی کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ممکن ہو سکی ہے ورنہ یہ تعداد 25 گنا زیادہ ہو سکتی تھی۔
دنیا میں زیادہ کیسز کے اعتبار سے امریکا کے بعد دوسرا نمبر برازیل کا ہے جہاں 4 لاکھ 14 ہزار 616 افرادوبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 25 ہزار 679 افراد جان کی بازی ہار بھی چکے ہیں۔
امریکا کی تقریباًتمام 50 ریاستیں لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کر چکی ہیں اور فلوریڈا میں واقع دنیا کا سب سے بڑا تھیم پارک، والٹ ڈزنی کو 11 جولائی سے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ گورنر کی منظوری سے مشروط رکھا گیا ہے۔
یورپی ممالک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے لیکن اب بھی دنیا میں زیادہ اموات کے اعتبار سے برطانیہ 37 ہزار 460 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اٹلی 33 ہزار سے زائداموات کے ساتھ تیسرے اور فرانس 28 ہزار 596 ہلاکتوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
آسٹریلیا میں بھی رگبی کی سرگرمیاں شروع ہونے جا رہی ہیں لیکن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جنوبی کوریا میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں لیکن حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا کیسز کی تعداد بڑھی تو سخت پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 56 لاکھ سے زائدافراد عالمی وبا سے متاثر ہوچکےہیں جس میں سے 3 لاکھ 57 ہزار 714 افراد ہلاک اور 25 لاکھ 9 ہزار کے قریب افرادصحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔