سندھ میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن موجودہ شرائط کے ساتھ جاری رہے گا، ناصر شاہ

31مئی سے پہلے وفاقی حکومت قومی رابطہ کمیٹیکا اجلاس کرے گی جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوں گے، وزیر اطلاعات— فوٹو: فائل

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 31 مئی تک لاک ڈاؤن موجودہ شرائط کے ساتھ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت کاروبار مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گے ، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد 31 مئی تک لاک ڈاؤن کا حکم دیا تھا اور پھر سپریم کورٹ نے بھی کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ 31مئی سے پہلے وفاقی حکومت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس کرے گی جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دیے گئے اوقات کے مطابق جاری رہیں گی۔