29 مئی ، 2020
لاہور: پاکستان ریلوے نے کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مزید ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان وزیر ریلوے شیخ رشید کل لاہور میں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا اور اس سلسلے میں شیخ رشید نے وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے جب کہ مزید مشاورت کیلئے کل ریلوے حکام کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بحالی کا معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں بھی زیربحث آیا ہے۔
دوسری جانب ٹرینوں میں حفاظتی تدابیر مزید سخت کرنے کی گائیڈ لائنز پر مشاورت جب کہ آن لائن بکنگ، سیٹوں میں فاصلہ اور مسافروں کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔
تمام ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے جب کہ ٹکٹ کلکٹر، ایس ٹیز اور پولیس سمیت ریلوے عملے کے لیے ماسک اور اقدامات حفاظتی تدابیر طے ہوں گی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یکم جون سے مزید 10 مسافر ٹرینیں چلا رہے ہیں جس کے بعد 142 مسافر ٹرینوں میں سے 40 ٹرینیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کو طے شدہ ایس او پیز کے تحت چلایا جائے گا، انٹرنیٹ کےذریعے بکنگ کے ساتھ ساتھ بکنگ دفاتر بھی کھلے رہیں گے، ٹرینوں کی بندش سے ریلوے کو ماہانہ 5 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن سمیت ٹرین سروس بھی بند تھی تاہم حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد محدود پیمانے پر علاقائی فضائی آپریشن اور ٹرینیں چلانے کی اجازت دی جس کے بعد وزارت ریلوے نے 10 مئی سے محدود ریلوے آپریشن کا آغاز کیا۔