30 مئی ، 2020
کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے آنے والے ائیر بس کمپنی کے ماہرین اتوار کو تحقیقات مکمل کرکے پیر کو واپس روانہ ہوجائیں گے۔
پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ائیر بس کی ٹیم 25 مئی کو کراچی پہنچی تھی۔
ائیر بس کمپنی کے ماہرین اتوار تک اپنی تحقیقات مکمل کرلیں گے جس کے بعد ٹیم پیر یعنی یکم جون کو کراچی سے واپس فرانس روانہ ہوجائے گی۔
ٹیم اپنے ساتھ بلیک باکس اور انجن کے بعض پرزے بھی لے جائے گی جب کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر کو ائیربس ماہرین فرانس میں ڈی کوڈ کریں گے۔
دوسری جانب ائیرکرافٹس ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن بورڈ کی پاکستانی ٹیم کا ایک رکن بھی فرانس کی ٹیم کے ساتھ جائے گا۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔