31 مئی ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن شہباز شریف کی طرف جارہے ہیں جس کے باعث نواز شریف کی تصویر خود لیک کی گئی۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کے کافی شاپ میں خاندان کے افراد کے ساتھ بیٹھنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،اس پر نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہہ نواز شریف کی تصویر جاری کرنے کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔
مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدرنے حسب عادت جھوٹ بولا، نواز شریف کی تصویر خود لیک کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تصویر حسین نواز کے دفتر کے باہر والے صحن میں لی گئی، پارٹی کارکنان چچا کی طرف جارہے ہیں تو اسی دباؤ کی وجہ سے تصویر خود لیک کی گئی ہے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے حوالے سے شہباز گل کا کہنا تھاکہ مریم اورنگزیب صبح، دوپہر اور شام کمیشن کی رپورٹ پر رونا رورہی ہیں، انکوائری کمیشن رپورٹ نے ان کا کچا چٹھا کھول دیا ہے.
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔