Time 30 مئی ، 2020
پاکستان

’نواز شریف کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا‘

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنے والد کی تصویر پر ردعمل میں کہا ہے کہ نواز شریف کی تصویر جاری کرنے کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی سوشل میڈیا پر لندن کی ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ خاندان کے افراد کے ہمراہ چائے شاپ پر موجود ہیں۔

اس تصویر کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کو منہ چڑاتی یہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں؟

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والد کی تصویر پر ردعمل میں کہا کہ نواز شریف کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ ان کی تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ آئی سی یو میں گھس کر زبردستی میری بے ہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں، اُن کیلئے نواز شریف کے گھرکی خواتین اور بچیوں کی چُھپ کر تصاویر بنانا کیا مشکل ہے؟

ان کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کی جھلک سے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ان کو اصل تکلیف اس بات کی ہے نواز شریف کو یہ اپنی پوری قوت اور طاقت کے اندھے استعمال کے باوجود نقصان نہیں پہنچا سکے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ اُن لوگوں نے نواز شریف کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچالیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا خوف نہ ان کو جینے دیتا ہے اور نہ ہی چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

'اسی جھلک سے عوام کو پتہ چلتا ہے کہ میاں صاحب کبھی بیمار نہیں تھے'

مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ اسی جھلک سے عوام کو پتہ چلتا ہے میاں صاحب کبھی بھی اس طرح سے بیمار نہیں تھے۔

شہباز گِل نے کہا کہ عوام سے اداروں سے جھوٹ بولا گیا، پہلے دبا کر جھوٹ بولا جاتا ہے  پھر اس پر ناز کیا جاتا ہے، جھوٹ بول کر بھاگی ہوئی شخصیت سے کیا خوف ہو سکتا ہے، آپ خوفزدہ ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت سے لندن کی پراپرٹیز کس طرح بچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  خوفزدہ تو وہ ہیں جن کہ بیٹے، سمدھی، بھتیجے لوٹ مار کے مقدمات میں مفرور ہیں، آپ لوگ اللہ کی سزا سے ڈریں۔

یاد رہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی طبیعت واقعی بہت خراب ہے لہٰذا انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی ایک بار اجازت دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :