Time 05 جون ، 2020
پاکستان

شہباز شریف نےعمران خان پر ہتک عزت کے دعوے کی جلد سماعت کی درخواست دے دی

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان پر ہتک عزت کے دعوے کی جلد سماعت کی درخواست دے دی۔

شہباز شریف کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش نہیں ہورہے اور عمران خان پر ہتک عزت کا دعویٰ 3 سال سے زیرالتوا ہے۔

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے شہبازشریف کی متفرق درخواست پر سماعت کی اور فریقین کے وکلاء کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ 25 اپریل 2017 میں شوکت خانم اسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔

اس کے بعد عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران مالی پیشکش کرنے والے شخص کا نام تو نہیں بتایا البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بہت قریبی ہے۔

جولائی 2017 میں شہباز شریف کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف  10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :