پاکستان
02 ستمبر ، 2012

رمشا مسیح کیس:امام مسجدکے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ

رمشا مسیح کیس:امام مسجدکے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد… جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے رمشا مسیح کیس میں گرفتار امام مسجد کے خلاف ریمانڈ کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا، پولیس نے مزید تفتیش کیلئے امام مسجد خالد جدون چشتی کو ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعا کی تھی۔ سماعت کے دوران ملزم خالد جدون نے عدالت کو بتایا کہ مجھے کل رات 11 بجے مسجد سے گرفتار کیا گیا تھا۔عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیاآپ کو مارا پیٹا گیا ہے، جس پر اس نے کہا کہ مجھے نہیں مارا گیا۔ ملزم کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر عدالت میں پیش کیا گیاتاہم وکیل کی استدعا کے بعد عدالتی حکم پر امام مسجد کی آنکھوں کی پٹی ہٹادی گئی۔وکیل راؤ عبدالرحیم نے بتایا کہ رمشا کیس میں صرف نماز کی کتاب جلانے کا ذکر ہے۔ امام مسجد پر الزام ہے کہ اس نے رمشا کے خلاف کیس مضبوط کرنے کے لیے جلائے گئے اوراق کی راکھ میں ، خود سے قرآنی اوراق بھی شامل کیے تھے ۔ کم عمر مسیحی لڑکی رمشا پر مقدس اوراق جلانے کا الزام ہے۔ امام مسجد خالد جدون کیس درج کرانے کے بعد پراسرار طور پر لا پتہ ہو گیا تھا جسے گزشتہ روز گرفتار کر لیا اور اسے آج سخت سیکورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ نصرمن اللہ بلوچ کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔

مزید خبریں :