Time 05 جون ، 2020
پاکستان

لاک ڈاؤن کی طرف واپس جاسکتے ہیں نہ کورونا پھیلنے سے روک سکتے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتا، ہم لاک ڈاؤن کی طرف واپس نہیں جاسکتے جبکہ کورنا کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے، اس نے پھیلنا ہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں رضا کاروں کی ضرورت تھی جو عوام کو ضابطہ کار بتائیں، ٹائیگرفورس کی اس لیے بھی ضرورت تھی کہ وہ لوگوں کو کورونا سے متعلق سمجھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے رمضان میں فیصلہ کیا کہ مساجد ضابطہ کار کے مطابق کھولیں گے، پولیس فورس اتنی نہیں تھی کہ تمام مساجد میں جاکرضابطہ کار پر عمل کرائیں لیکن ٹائیگرفورس کے رضا کاروں نے مساجد میں جاکرضابطہ کار پر عمل کرایا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر لوگ ضابطہ کار پر عمل کریں گے تو مشکل وقت سے نہیں گزریں گے، ہم نے شروع سے بہترین اقدامات کیے جس کی وجہ سے آج حالات بہتر ہیں، ہمیں پتاتھا کہ لاک ڈاؤن کھلے گا تو کورونا پھیلے گا، ہوسکتا ہے آنے والے دنوں میں زیادہ متاثرہ علاقوں کو بند کرنا پڑے لیکن ہم کورونا وائرس کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے، اس نے پھیلنا ہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سےغریب لوگوں کو نقصان ہوتا ہے، دیگر ممالک میں کورونا میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تباہی ہوئی، لاک ڈاؤن میں غربت بڑھ جاتی ہے اور غریب کی تباہی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتا، ہم لاک ڈاؤن کی طرف واپس نہیں جاسکتے جبکہ کورنا کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے، لوگ بات کرتے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن کرنا چاہیے، انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ بہت سے ممالک نے کیسز بڑھنے کے باوجود لاک ڈوان ختم کیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا، دنیا بھی یہی مانتی ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن بہتر ہے، ریلیف سے متعلق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی تعریف کی ہے، ہم نے کم وقت میں اتنا زیادہ پیسہ مستحق لوگوں تک پہنچایا، اگرمؤثر ریلیف پیکج کا اعلان نہ کرتے تو ملک کے حالات خراب ہوتے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اب تک 1838 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی 90 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جو کہ چین سے زیادہ ہے۔

مزید خبریں :