دنیا
Time 07 جون ، 2020

برازیل: اموات کی تعداد بڑھنے سے سرکاری ویب سائٹ پر جاری ڈیٹا چھپا دیا گیا

برازیل میں اموات کی تعداد بڑھنے سے سرکاری ویب سائٹ پر کووڈ 19 اعدادو شمار بتانا روک دیا گیا—فوٹو فائل

برازیل کی حکومت نے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد سے متعلق معلومات شیئر کرنا روک دیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کورونا کے کیسز میں ہوشربا اضافے  کے بعد برازیل کی حکومت نے کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ  ہی بند کر دی۔

رپورٹ کے بعد سرکاری ویب سائٹ بند کرنے پر برازیل کی حکومت کو عوام کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہوا، عوامی دباؤ میں آکر ویب سائٹ تو بحال کر دی گئی لیکن اس پر کیسز اور اموات کی معلومات فراہم کرنا روک دیا گیا ہے۔

برازیل کی سرکاری ویب سائٹ پر کووڈ 19 کے آخری مرتبہ دیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق کورونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار بتائی گئی جب کہ اموات کی تعداد 34 ہزار بتائی گئی ہے۔

تاہم دنیا بھر میں برازیل کورونا کیسز کی تعداد میں امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اموات کے اعتبار سے یہ تیسرا ملک ہے۔

برازیل کی وزرات صحت کی جانب سے کووڈ 19 کا ڈیٹا چھپانے پر ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ  اس سے قبل بھی کیسز کی جو تعداد بتائی گئی ہے وہ درست نہیں ہے، اصل کیسز کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے۔

اس متعلق برازیلین صدر بولسنارو نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مجموعی اعداد و شمار اس وقت ملک کی عکاسی نہیں کرتے، کیسز کی رپورٹنگ کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تاہم برازیلین صدر نے سرکاری ویب سائٹ سے معلومات ہٹانے سے متعلق کوئی وجہ بتائی۔

برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر اعداد وشمار کو جاری کرنے سے روکنا ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے  جب برازیل میں مسلسل چار دن تک ایک ہزار تک اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔