07 جون ، 2020
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف ٹوئٹ اور الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی اپنے الزامات کی مزید تفصیلات سامنے لے آئیں۔
جیو نیوز کے پروگرام 'نیاپاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا رچی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے ویزا کا مسئلہ حل کرانے کا کہہ کر ڈرائیور بھیج کر اپنے پاس بلایا، گلدستہ اور قیمتی تحفہ دینے کے بعد نشہ آور مشروب پلایا اور اس کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔
سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان سے نامناسب طریقے سے گلے ملنے کی کوشش کی جب کہ مخدوم شہاب الدین نے کندھے پر مساج کرنے کی کوشش کی۔
امریکی خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے بینظیر کے بارے میں جو کچھ کہا ہے اس کی تفصیل پیپلزپارٹی کے ہی ایک سینئر رہنما نے ہی انہیں فراہم کی تھیں۔
دوسری جانب رحمان ملک سمیت یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین اِن الزامات کی تردید کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔
انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔
اس سے قبل سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔
امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیاگیا ہے۔