Time 08 جون ، 2020
پاکستان

حامد میر کا والد پر الزامات لگانے پر فیاض چوہان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

سینیئر صحافی حامد میر نے واپنے والد پروفیسر وارث میر پر الزامات لگانے پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

 سینیئر صحافی حامد میر کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیر نے وارث میرپر اپنی تحریروں میں بھارت، مکتی باہنی اور ریاست مخالف دشمنوں کی حمایت کا لغو الزام لگایا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹے الزامات کا مقصد وارث میر کے خاندان اور حامد میر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا، وارث میر نے کبھی بنگلادیش کے قیام کی حمایت نہیں کی۔

قانونی نوٹس کے مطابق وارث میر کی زندگی سچ، انصاف، جمہوری اصولوں اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں گزری، اگر معافی نہ مانگی گئی تو صوبائی وزیر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ  14 دن میں اپنے بیان پرمعافی مانگیں یا 1 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔

خیال رہے کہ فیاض الحسن چوہان اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سے ہی شہ سرخیوں میں رہتے ہیں اور ایک بار انہیں ہندو برادری سے متعلق نازیبا گفتگو پر وزرات اطلاعات سے ہاتھ بھی دھونے پڑے ہیں لیکن کچھ عرصے بعد انہیں دوبارہ وزارت اطلاعات دے دی گئی۔

مزید خبریں :