سابق اور موجودہ کرکٹر ز نے یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری خوش آئند قرار دیدی

یونس خان کی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے موجودگی ٹیم پر مثبت اثرات مرتب کرے گی: عامر سہیل— فوٹو:فائل 

سابق اور موجودہ کرکٹرز نے یونس خان کی بیٹنگ کوچ کے عہدے پر تعیناتی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کیا ہے، اس فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں بہت سراہا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنی رائے کااظہار کرتے ہوئے سابق کرکٹر عامر سہیل نے کہا کہ وہ یونس خان کی تعیناتی کی خبر سن کر بہت خوش ہوئے ہیں، انہیں یقین ہے کہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ان کی موجودگی ٹیم پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی ماضی کے ساتھی کرکٹر کو نئی ذمہ داری ملنے کو خوش آئندہ قراردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لیجنڈ یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کرنے پر پی سی بی کو مبارکباد دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متحرک سابق کرکٹرز یاسر عرفات، محمد وسیم اور عتیق الزمان نے بھی یونس خان کے نئے رول کو ایک اچھی خبر قرار دیا ہے۔

تینوں کرکٹرز نے پی سی بی کے اس فیصلے سے مثبت نتائج کے حصول کی امید ظاہر کی ہے جب کہ موجودہ کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر بلاول بھٹی اور بیٹسمین عظیم گھمن نے یونس خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔

مزید خبریں :