Time 09 جون ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کی پیٹرول کا بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کا بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کے مصنوعی بحران کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کو چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، ٹیموں میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)،ضلعی انتظامیہ اور پیٹرولیم ڈویژن کے اہلکار شریک ہوں گے۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کے حکام آئل کمپنیوں کے اسٹورز کا معائنہ بھی کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد یکم جون سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہ ملنے کی شکایات ہیں اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔

کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے اور اکثر پیٹرول پمپ کھلے تو ہیں لیکن پیٹرول دستیاب نہیں اور جن پمپس پرپیٹرول مل رہا ہے وہاں صارفین کا جم غفیر ہے۔

مزید خبریں :