Time 09 جون ، 2020
کاروبار

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات، تنخواہیں، پینشن بڑھانے پر ہم آہنگی

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان بجٹ مذاکرات کا تیسرا دور کامیاب ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات کے تیسرے دور میں اتفاق کیا گیا کہ اکتوبر تک بجلی اور گیس مہنگی نہیں ہوگی جب کہ تنخواہیں اور پینشن بڑھانے پر بھی ہم آہنگی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ریلیف پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جب کہ بجٹ خسارے پر قابو پانےکے لیے متبادل آمدن پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

پاکستان  کی جانب سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ  نان ٹیکس آمدن بڑھائی جائے گی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف 30 ستمبر تک شرائط نرم رکھے گا جب کہ وفاقی حکومت اسٹیٹ بینک سےقرض بدستور منجمد رکھے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان موجودہ قرض پروگرام پر کاربند رہےگا جب کہ آئی ایم ایف کویقین دہانی کرائی گئی ہے کہ موجودہ قرض پروگرام کی بیش تر شرائط اکتوبرکے بعد پوری ہوں گی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ عالمی مالیاتی فنڈ کی سفارشات کی روشنی میں بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے اہداف آئی ایم ایف کی سفارشات کے مطابق مقرر کیے جائیں گے،اِس وقت آئی ایم ایف کی شرائط نہ ماننے سے قرض پروگرام متاثر ہوسکتا ہے۔