پاکستان
Time 07 فروری ، 2020

آئی ایم ایف نے وفاقی ترقیاتی بجٹ کو پورا استعمال کرنے پر زور دیا ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) والے ہمارے ساتھی ہیں اور کراچی میں کام کے لیے ان کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ 

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے وفاقی ترقیاتی بجٹ کو پورا استعمال کرنے پر زور دیا ہے اور حکومت پورا ترقیاتی بجٹ استعمال کرے گی جبکہ رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر 188 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں اور اب تک ترقیاتی بجٹ سے 429 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ رواں مالی سال پورا ترقیاتی بجٹ استعمال کیا جائے۔

کراچی سے متعلق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کا شہر ہے کیوں کہ پی ٹی آئی کو شہر میں سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم والے ہمارے ساتھی ہیں اور ہم کراچی میں کام، عوام کے لیے کر رہے ہیں، ہم پر کراچی میں کام کے لیے  ایم کیو ایم کا کوئی دباؤ نہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ ہم ایک کنسٹرکشن ڈیویلپمنٹ بورڈ بھی بنا رہے ہیں  جو ملک میں کنسٹرکشن انڈسٹری کی معاونت کرے گا، 2021 سے 2023 تک نیشنل گروتھ اسٹریٹجی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زون ایکٹ کے تحت مراعاتی پیکج لائیں گے اور چین کے ساتھ زرعی تعاون بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے کنوینر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ہیں۔ 

کمیٹی کے دیگر ارکان میں گورنرسندھ عمران اسماعیل، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاق کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر وزارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے وفاقی کابینہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد 7 ہے جبکہ سینیٹ میں 5 ممبر ہیں۔ ایم کیو ایم کو وفاق میں دو 2 وزارتیں دی گئیں تھیں جن میں خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سینیٹر فروغ نسیم وفاقی کو وزیر قانون بنایا گیا تھا۔

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سینیٹر فروغ نسیم کو ایم کیو ایم کے کوٹے پر وزارت نہیں دی گئی لیکن اس کو ایم کیو ایم کے کوٹے میں شامل کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :