10 جون ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔
گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد لیگی جنرل سیکرٹری میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق احسن اقبال سمیت فرخ حبیب، عثمان قادری اور سینیٹر ثنا جمالی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے احسن اقبال کے کورونا پازیٹیو ہونے پر اظہار افسوس اور صحت کی دعا کی ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال انتہائی قابل، محنتی رہنما اور مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں، انہوں نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کے مفادات کے لیے جرأت مندانہ کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 2317 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔