11 جون ، 2020
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا ہے۔
سلیمان شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف نیب میں پیشی کے علاوہ گھرسے باہر نہیں نکلے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب کو سوالنامہ بھیجنے یا اسکائپ کے ذریعے پیش ہونے کا کہا تھا لیکن نیب نے منع کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا کورونا کا ٹیسٹ نیب آفس میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا ہے۔
سلیمان شہباز نے کہا کہ اگر شہبازشریف کو کچھ ہوا تو ہمارا خاندان چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال، وزیراعظ عمران خان اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کےخلاف مقدمہ درج کرائے گا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرافسوس ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ شہبازشریف کو جلد رو بہ صحت کرے، کورونا میں مبتلا دیگر لیگی قائدین کے لیے بھی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کا صحت مند رہنا پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے بڑا ضروری ہے، امید ہے شہباز شریف قرنطینہ کے بعد کورونا کے خلاف عملی اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف چند روز قبل احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے اور آج مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ یا ہے۔