16 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس سال دورہ انگلینڈ کیلئے اصولی طور پر تیار ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دورے کے حوالے سے کافی مثبت گفتگو ہوئی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ سے 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشمل دورے کا آغاز 5 اگست سے ہونا ہے لیکن اس میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم جولائی کے وسط میں ہی انگلینڈ پہنچ جائے گی جہاں پہلے تو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا اور پھر انہیں قرنطینہ کیا جائے گا۔
وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بائیو سیکیور ماحول کے حوالے سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے منصوبے سے مطمئن ہے، بائیو سیکیور ماحول میں کھلاڑی ایک یونٹ کی طرح ہوں گے جس میں کھلاڑی تو آپس میں ملنا جلنا کرسکیں گے لیکن باہر کے کسی فرد سے ملنا نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نے مزید کہا کہ دورے کے دوران بھی کھلاڑیوں کے مستقل ٹیسٹ ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کرکٹرز چارٹرڈ طیارے میں پاکستان سے انگلینڈ کا سفر کریں گےجس کے اخراجات ای سی بی برداشت کرے گا تاہم وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹرز ایک ساتھ ہی سفر کریں گے تاکہ اضافی سفری اخراجات سے بچاجاسکے اور انگلینڈ میں کھلاڑیوں کو انٹرا اسکواڈ ٹریننگ کا موقع مل سکے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی 25 سے 28 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی کھلاڑی کو زبردستی دورے پر جانے کو نہیں کہےگا یہ کھلاڑیوں کا اختیار ہوگا کہ وہ انگلینڈ جانے یا نہ جانے پر اپنا فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ای سی بی سے جو بات ہوئی ہے اس پر اور دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے کرکٹرز کو بریفنگ دے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ اس دورے کیلئےقومی کرکٹرز کی خصوصی انشورنس بھی کرائے گا۔
ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے دو وینیوز ہی ہوں گے جہاں ایک ہی جگہ ہوٹل اور کرکٹ کی سہولیت دستیاب ہوں گی تاہم پریکٹس میچ کیلئے تیسرے وینیو کا اضافہ کیا جاسکا ہے اور امکان ہے کہ مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میچز کے وینیو اور برمنگھم کو پریکٹس وینیو کے طور پر زیر غور لایا جائے۔
وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی انگلینڈ جائے گی اور ویسٹ انڈیز کی سیریز سے بہت سے معاملات واضح ہوجائیں گے۔
ایک سوال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دورے کے حوالے سے حکومتی گائیڈ لائن بھی حاصل کرے گا۔