03 ستمبر ، 2012
کراچی … کراچی میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ کریم آباد میں 2 روز قبل فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو زخمی کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور رکشہ برآمد کرلیا۔ 2 روز قبل کریم آباد گوشت مارکیٹ کے قریب اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں نے مشتبہ ملزمان کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ظفر صدیقی نامی پولیس اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد عزیز آباد تھانے کی پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل عاصم قائم خانی کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس پی اینٹی کارلفٹنگ سیل خرم وارث کے مطابق شہر کے مختلف مقامات سے موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے3 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی ہیں۔