کورونا سے نجات کیلئے راحت فتح علی کا دعائیہ کلام

فوٹو: فائل

سروں کے سلطان راحت فتح علی خان نے کورونا وائرس سے نجات کی غرض سے اپنا دعائیہ کلام 'اے خدا ہمیں بخش دے' ریلیز کردیا۔

دل چھو لینے والے کلام 'اے خدا ہمیں بخش دے' کو قمر علی واجد ناشاد نے لکھا ہے جب کہ اس کی موسیقی نوید علی ہاشمی نے ترتیب دی ہے۔

اس دعائیہ کلام کو انٹرنیشنل میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے  پروڈیوس کیا ہے اور عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے 'اے خدا ہمیں بخش دے' کو موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے سروں میں ڈوب کر گایا ہے۔

اس کلام میں ان کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے صوفیانہ، عارفانہ اور دعائیہ کلام انہوں نے اس طرح گایا ہے کہ ان کی آواز سماعتوں کے ذریعے سیدھی دل میں اتر جاتی ہے۔

واضح رہے کہ استاد راحت فتح علی خان نے کئی بڑے اعزاز اپنے نام کیے ہیں، راحت فتح علی خان نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

7 سال کی عمر میں راحت فتح علی خان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہو گیا تھا اور اب تک ان کے 50 سے زائد البم ریلیز ہوچکے ہیں، یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جب کہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔

راحت فتح علی خان ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک اور 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔

26 جون 2019 کو راحت فتح علی خان کو صوفیانہ موسیقی کے شعبے میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے صوفیانہ موسیقی کے شعبے میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا تھا۔

اس سے قبل 2016 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں 'لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سے نوازا تھا۔

مزید خبریں :