Time 13 جون ، 2020
پاکستان

پیٹرول کی فراہمی معمول پر نہ آسکی، کمیٹی کا پورٹ قاسم ٹرمینل پر چھاپہ

ملک کے کئی شہروں میں آج بھی پیٹرول کی فراہمی معمول پر نہ آسکی۔

وزارت پیٹرولیم کی بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے  کراچی میں پورٹ قاسم ٹرمینل میں چھاپا مارا اور ایک اور نجی پیٹرولیم کمپنی کے خلاف سکھن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ ممبرفیول کرائسس کمیٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس کے متن کے مطابق نجی تیل کمپنی موجودہ تیل بحران کی ذمےدار ہے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل کیماڑی میں بھی دو تیل کمپنیوں کیخلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے معاملے پر ایف آئی اے کی دوبارہ طلبی کے باوجود 3 نجی پیٹرولیم کمپنیوں کے سی ای اوز آج بھی پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور گذشتہ دنوں ایف آئی اے نے دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ کیماڑی آئل فیلڈ پر نجی تیل کمپنی کے ڈپو پر چھاپہ مارا تھا جہاں تیل کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔

مزید خبریں :