پیٹرول کی قلت برقرار، 36 گھنٹوں میں مسئلہ حل کرینگے: معاون خصوصی پیٹرولیم

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہےکہ پیٹرول کا مسئلہ حل کرنے کے لیے جو کرنا پڑا وہ کریں گے۔

کراچی، لاہور، پشاور ،ملتان ،سرگودھا  اور گجرات سمیت کئی شہروں میں گزشتہ 11 روز سے پیٹرول کی قلت ہے اور عوام پیٹرول سستا ہونے کے بعد سے مارے مارے پھررہے ہیں لیکن حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر عمر ایوب نے تین روز کے اندر پیٹرول کا مسئلہ حل کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور اب معاون خصوصی پیٹرولیم نے بھی 36 گھنٹوں میں مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پیٹرول مافیا کی کمر توڑ دیں گے: ندیم بابر

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم بابر نے کہا کہ پیٹرول کا مسئلہ حل کرنے کے لیے جو کرنا پڑا وہ  کریں گے، 36 گھنٹوں میں اس مسئلے کو حل کردیں گے۔

انہوں نےکہا کہ اس بار پیٹرول مافیا کی کمر توڑ دیں گے، تین پیٹرولیم کمپنیوں کے سی ای او کل ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے جنہیں آج دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

’2 کمپنیوں نے کیماڑی میں 4 کروڑ لیٹر پیٹرول روک رکھا تھا’

دوسری جانب ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ دو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کیماڑی میں 4 کروڑ لیٹر پیٹرول روک رکھا تھا، دونوں کمپنیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔ 

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ ملک میں 11 دن کےلیے 2 لاکھ 28 ہزار ٹن پیٹرول ذخیرہ ہے۔

علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے معاملے میں طلب تین نجی پیٹرولیم کمپنیزکے سی ای او ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے جنہیں آج دوبارہ ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ہے، تینوں کمپنیوں نےکسی پمپ پرپیٹرول ختم نا ہونے اور ذخیرہ اندوزی نا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مزید خبریں :