14 جون ، 2020
عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تازہ ترین سروے کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔
گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے کے مطابق مئی 2020 میں 12 فیصد پاکستانیوں کو بخار کی شکایت ہوئی جب کہ 4 فیصد پاکستانیوں کو خشک کھانسی اور ایک فیصد کو سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر گیلپ کے سروےکے مطابق مئی میں 78 فیصد پاکستانیوں کو کورونا وائرس کی کوئی بھی تکلیف محسوس نہیں ہوئی۔
گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 19 فیصد خواتین اور 6 فیصد مردوں کو بخار اور کورونا وائرس کی دیگر علامات ظاہر ہوئیں۔
گیلپ سروے کے تازہ ترین نتائج کے مطابق خواتین میں مردوں کی نسبت کورونا وائرس کی علامات زیادہ ظاہر ہوئیں ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں دیہات میں 14 فیصد جب کہ شہروں میں 7 فیصد لوگوں کو بخار ہوا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2632 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 139230تک پہنچ گئی ہے۔