دنیا
Time 15 جون ، 2020

کورونا: مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی تو کہیں لاک ڈاؤن برقرار

فائل فوٹو

خطرناک مہلک وبا کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو لگایا گیا تھا اور اب مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کی زیادہ تر پابندیاں نرم کی جارہی ہیں۔

فرانسیسی صدر  نے  آج سے ملک کھولنے کا اعلان کیا ہے اور لاک ڈاؤن کی زیادہ تر پابندیاں بھی نرم کر دی ہیں جب کہ  آج سے ریڈ زون میں ریسٹورینٹس کھول دیے جائیں گے اور 22 جون سے اسکول کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی 3 ماہ بعد آج سے تجارتی مراکز کھل جائیں گے، اس کے علاوہ مصر نے بھی یکم جولائی سے فضائی حدود کھولنے اور ساحلی مقامات پرسیاحوں کو داخلے کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ادھر بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایک ہی جگہ 60 سے زائد کورونا وائرس کیس رپورٹ ہونے کے بعد علاقے میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

چین میں آج کورونا وائرس کے 49 نئے کیسز رپورٹ  ہوئے ہیں جس کے بعد چین کے  دار الحکومت بیجنگ کے مزید 10 سے زائد علاقوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 79 لاکھ افراد سے زائد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

مزید خبریں :