Time 14 جون ، 2020
دنیا

یورپی ممالک نے کورونا وائرس کی ویکسین خریدنے کا پیشگی معاہدہ کرلیا

یورپی ممالک نے تیار ہونے سے قبل ہی دوا ساز ادارے سے کورونا وائرس کی ویکسین خریدنے کا پیشگی معاہدہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے شدید متاثر یورپی ممالک جرمنی، فرانس، اٹلی اور ہالینڈ نے برطانیہ کے ایک دوا ساز ادارے سے کورونا ویکسین خریدنے کا پیشگی معاہدہ کیا ہے۔

پیشگی معاہدےکا مقصد ہے کہ جب بھی ویکسین بنانے میں  مصروف برطانوی دوا ساز ادارے کو کامیابی حاصل ہوگی وہ ترجیحی بنیادوں پر ان ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی دواساز ادارہ جسے امید ہے کہ وہ 2020 کے آخر تک ویکسین بنانے میں کامیاب ہوجائے گا، ان 4 یورپی ممالک کو 30 سے 40 کروڑ ویکسین فراہم کرے گا۔

نیدر لینڈ کے وزیر صحت نے اس معاہدے کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ ان 4 ممالک میں کورونا سے 6 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ چار ممالک پر مشتمل اتحاد نے یورپی یونین سے ہٹ کر علیحدہ سے یہ معاہدہ کیا ہے جب کہ یورپی یونین بھی کسی ایسے ہی  معاہدے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں 2 ارب 40 کروڑ یورو کا فنڈ بھی مختص کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ویکسین بنانے میں مصروف برطانوی دوا ساز ادارہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے کام کررہا ہے اور اس ادارے سے برطانوی حکومت کے علاوہ امریکا اور ایک بھارتی دوا ساز ادارے سمیت ویکسین فروخت کرنے والی بعض کمپنیوں نے بھی معاہدہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 4 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بنانے کے لیے دنیا بھر کے سائنسدان سر توڑکوششیں کررہے ہیں اور بعض ممالک میں  ویکسین کے انسانوں پر ابتدائی تجربات بھی شروع کیے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :