کھیل

قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے ای سی بی جمعے کو حتمی پروگرام دے گا

ٹیلی کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران ابتدائی قرنطینہ اور ٹریننگ کے لیے ڈربی اور ووسٹر کے مقامات پر غور کیا گیا— فوٹو:فائل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے حکام کے درمیان ٹیلی کانفرنس میں ٹریننگ کی سہولیات اور سفری انتظامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کے مطابق پیرکو ہونے والی مختصر ٹیلی کانفرنس میں پی سی بی ور ای سی بی حکام نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران ابتدائی قرنطینہ اور ٹریننگ کے لیے ڈربی اور ووسٹر کے مقامات پر غور کیا، اس سے قبل برمنگھم کے وینیو پر بھی غور کیا جاچکا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ ڈربی کو وینیو منتخب کرلیا جائے کیوں کہ وہاں گراونڈ کے قریب ہوٹل کے ساتھ انڈور نیٹ سہولیات بھی موجود ہیں۔

ٹیلی کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے روانگی کے شیڈول پر بھی بات ہوئی اور پی سی بی نے انگلش حکام سے زیادہ وقت انگلینڈ میں گزارنے کے حوالے سے بھی بات کی ہے۔

امکان ہے کہ پاکستان ٹیم یکم یا 2 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہو جائے تاہم انگلش کرکٹ بورڈ چارٹرڈ طیارے کی دستیابی، فلائٹ شیڈول اور ٹریننگ مقامات پر پی سی بی کو جمعہ کو حتمی جواب دے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ دیگر شہروں سے کھلاڑیوں کو ایک شہر میں جمع کرنے کے لیے بھی مختلف آپشنز پر غور کررہا ہے، قومی کھلاڑیوں کے روانگی سے قبل 2 مرتبہ کووڈ ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 5 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جانی ہے، سیریز کے میچز مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں ہونا ہیں۔

انگلش کرکٹ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ سے مجوزہ شیڈول شیئر کرچکا ہے تاہم سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان آئند ہ ہفتے کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو کورونا وبا کے دوران دورہ انگلینڈ کی اجازت دے دی ہے۔

مزید خبریں :