16 جون ، 2020
کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نےکہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سردار یا رمحمد رند نے کہا ہمیں احساس ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے ڈھائی تین ماہ سے بند ہیں مگر یہ اقدام بچوں کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں اوراساتذہ کی زندگیاں عزیز ہیں ،نجی اسکولز کو چند پیسوں کیلئے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے لہٗذا تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 12 ہزار اسکولوں میں آئی ٹی ماہر بھرتی اور آئی ٹی لیب بنانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جاسکے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں ہر ضلع میں ایک ریذیڈنشل اسکول جب کہ ہر یونین کونسل میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت اسکولز کے قیام کی تجویز دے دی ہے ، اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے حوالے سے دس میگا پروجیکٹ رکھے جارہے ہیں۔