Time 16 جون ، 2020
دنیا

چینی فوج سے جھڑپ میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی مارے گئے

چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپوں میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی مارے گئے۔

بھارتی اور چینی افواج کے درمیان لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جھڑپ گزشتہ رات ہوئی جس میں ایک کرنل سمیت 2 بھارتی سپاہی ہلاک ہوئے تھے تاہم بھارتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپ میں زخمی ہونے والے 17 فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اور چینی افواج میں جھڑپیں گلوان ویلی کے علاقے میں ہوئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی ہلاکت گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھراؤ لاٹھیوں کے ذریعے لڑائی میں بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ میں 43 چینی فوجی بھی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں تاہم چین کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

چین نے فوجی تصادم کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا ہےاور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔

دونوں فوجوں میں گزشتہ ماہ بھی لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی) پر اسی طرح سنگ باری کے واقعات پیش آئے تھے جن میں دونوں جانب کے کئی اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے۔

فوجیوں کی ہلاکت کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان 5 دہائیوں بعد سامنے آیا ہے ، اس سے قبل آخری بار ارونا چل پردیش کی سرحد پر دونوں فوجوں میں مسلح تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس جھڑپ کے بعد مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی ہوگی۔

مزید خبریں :