16 جون ، 2020
قومی کرکٹرز کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ اپنے اپنے شہروں میں ہی 20 جون کو ہو گی جبکہ 25 جون کو ہونے والی دوسری ٹیسٹنگ کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ سیریز اگست اور ستمبر میں شیڈول ہے اس کیلئے پاکستان ٹیم جولائی کے اوائل میں ہی انگلینڈ پہنچنا چاہتی ہے تاکہ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو ٹریننگ کا بھرپور موقع ملے۔
دورے کیلئے 29 کھلاڑیوں اور 14 رکنی ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے اسکواڈ ایک ساتھ جائے گا اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے اسکواڈ بڑا رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ روانگی سے قبل دو مرتبہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کووڈ 19 ٹیسٹنگ 20 اور 25 جون کو شیڈول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز اور ٹیم منیجمنٹ کے اراکین کی پہلی ٹیسٹنگ اپنے اپنے شہروں میں ہو گی اور اس کے انتظامات پی سی بی کا شعبہ میڈیکل کر رہا ہے جبکہ دوسری ٹیسٹنگ لاہور میں ہو گی جب کھلاڑی اور منیجمنٹ کے اراکین انگلینڈ روانگی کیلئے اکٹھے ہوں گے۔
دوسری ٹیسٹنگ کا انحصار انگلینڈ روانگی پر ہے۔ دوسری ٹیسٹنگ چونکہ انگلینڈ روانگی سے ایک روز قبل ہو گی اس لیے اس کا شیڈول انگلینڈ روانگی کی تاریخ کے مطابق ہو گا، امکان یہی ہے کہ 25 جون کو ہونے والی ٹیسٹنگ کی تاریخ تبدیل ہو گی۔
انگلینڈ روانگی سے قبل اسکواڈ مقامی ہوٹل میں اکٹھا ہوگا۔ فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک فلور پر بائیو سیکور انتطامات کیے جائیں گے اور اس کیلئے پی سی بی فائیو اسٹار ہوٹل کی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں 43 کمرے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل میں انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا جبکہ فزیو ساؤتھ افریقا سے انگلینڈ پہنچیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم یکم جولائی کو خصوصی طیارے سے انگلینڈ روانہ ہو سکتی ہے۔