Time 16 جون ، 2020
پاکستان

سندھ میں کورونا سے بچے، نوجوان اور عمر رسیدہ افراد سب لقمہ اجل بننے لگے

صوبے میں ایک سال سے 100 سال تک کے افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں: محکمہ صحت سندھ— فوٹو:فائل

سندھ میں کورونا سے ہلاکتوں میں عمر کی حد ختم ہوگئی جس بعد صوبے میں بچے، نوجوان اور درمیانی عمر سے عمر رسیدہ افراد تک سب لقمہ اجل بننے لگے ہیں۔

کورونا وائرس نے تمام عمر کے لوگوں کو اپنا نشانہ بنانا اور لوگوں کی زندگیوں کو ختم کرنا شروع کردیا ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ایک سال سے 100 سال تک کے افراد  کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک سے 10 سال کے 5 بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 11 سے 20 سال کے 10 افراد کورونا سے انتقال کرچکے ہیں۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ 21 سے 30 سال کے 25 افراد کی زندگیاں کورونا سے ختم ہوگئیں اور 31 سے 40 سال کے 48 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 41 سے 50 سال کے 112 مرد و خواتین جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 51 سے 60 سال کے 228 افراد بھی کورونا کے باعث دنیا سے چلے گئے، 61 سے 70 سال کے 229 بزرگ مرد و خواتین جاں بحق ہوچکے ہیں اور اسی طرح 71 سے 80 سال کے 137 افراد جب کہ 81 سے 100 سال کے 42 افراد کی زندگیاں کورونا نے ختم کردی ہیں۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں مہلک وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 886 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 57868 ہے۔

مزید خبریں :