Time 17 جون ، 2020
پاکستان

سندھ حکومت کا بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ

فوٹو فائل—

کراچی: سندھ حکومت نے  مالی سال 21-2020 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافےکا فیصلہ کیا ہے۔

 سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج ہوگا اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جو صوبائی وزیر خزانہ بھی ہیں صوبے کا بجٹ پیش کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کراچی میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی ورزاء سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سندھ کابینہ نے نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے جسے آج سندھ اسمبلی بجٹ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ  سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 10 فیصد اضافےکی منظوری دی ہے۔

صوبے کے بجٹ سے متعلق و زیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں غریبوں، کاشتکاروں، نوجوانوں، سرکاری اور پرائیوٹ ملازمین کو ریلیف دیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہم نے ترقیاتی کاموں کے لیے بجٹ رکھا ہے۔

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اس لیے ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ متوازن بجٹ پیش کریں۔

ادھر ذرائع  نے بتایا ہے  کہ سندھ بجٹ دستاویز 2020-21 میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 209 ارب روپے اور زرعی شعبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق کورونا کے سدباب کے لیے 5 ارب، تعلیم کے لیے 23 ارب روپے، صحت کے لیے 28 ارب اور آبپاشی کے لیے 17 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

مزید خبریں :