17 جون ، 2020
نئے مالی سال 21-2020 کے لیے سندھ کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔
سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج دوپہر دو بجے شروع ہو گا اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جو صوبائی وزیر خزانہ بھی ہیں صوبے کا بجٹ پیش کریں گے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں گزشتہ روز تبدیلی کی گئی تھی جس کے بعد ارکان اپنے گھروں سے اجلاس میں آن لائن شریک ہو سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ایوان میں 25 فیصد ارکان موجود ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے اس سے قبل سندھ کابینہ کا پری بجٹ اجلاس بھی وزیر اعلی ہاؤس میں ہو گا جس میں سندھ کابینہ بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی۔
بجٹ اجلاس کے موقع پر سندھ اسمبلی کے اندر اور باہر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں صرف وہ ارکان ایوان میں آ سکیں گے جن کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب تک سندھ اسمبلی کے 15 ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے اور ان میں کئی ارکان صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔