19 جون ، 2020
کراچی: کمشنر کراچی نے لاک ڈاؤن والے علاقوں میں رہنے والے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمین کو چھٹیاں لینے کی ہدایت کردی۔
جیونیوز کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ کسی کو بھی لاک ڈاؤن والے علاقوں سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی لہٰذا متاثرہ علاقوں کے سرکاری و غیر سرکاری ملازمین لاک ڈاؤن تک چھٹیاں لیں۔
گزشتہ روز کراچی کے تمام اضلاع میں زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا جو 2 جولائی تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن کے تحت گزشتہ شام 7 بجے سے ان علاقوں میں غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے پر پابندی عائد ہوچکی ہے، ضروری کام سے نکلنے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا، فاصلہ رکھنا ہوگا، تجارتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی البتہ کھانے پینے کے سامان کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز شام 7 بجے تک کھولے جا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھر سے صرف ایک فرد کو سامان کی خریداری کیلئے باہر جانے کی اجازت ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔