19 جون ، 2020
کراچی میں ضلعی انتظامیہ شہر کے مختلف حصوں میں گزشتہ رات سے جاری اسمارٹ لاک ڈاون پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے۔
شہر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو 2 جولائی تک جاری رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن گزشتہ رات 7 بجے سے جاری ہے تاہم وہ اس پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہے۔
ملیر اور گلشن اقبال کے برائے نام سیل کیے جانے والے علاقوں میں نہ صرف لوگوں کی چہل پہل کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ماسک کا استعمال بھی نہیں کیا جارہا۔
شہریوں کا لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آزادی سے گھومنا پھرنا بھی جاری ہے جب کہ پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر نظر نہ آئے۔
کمشنر کراچی نے اعلان کیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں رہنے والے سرکاری اور غیر سرکاری ملازم دفاتر سے چھٹیاں لے لیں، کسی کو بھی لاک ڈاؤن والے علاقوں سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔
صوبہ سندھ میں مہلک وائرس سے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ مریضوں تعداد بھی 65 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔