20 جون ، 2020
اسلام آباد پولیس نے ایک مرتبہ پھر امریکی شہری سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے معذرت کرلی۔
تھانہ بنی گالہ پولیس کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنتھیا امریکی شہری ہے جس نے بذریعہ ٹوئٹ کمنٹس کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگر سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی مقصود ہے تو ایف آئی اے سائبر کرائم برانچ سے رجوع کیا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے پولیس نے رحمان ملک کے خلاف امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست مسترد کرکے انہیں بری الذمہ قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔
رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔