’خدشہ ہے سیاحت کھولنے سے گلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا‘

فوٹو فائل—

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیاحت کھولنے سےگلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرا ’جیو پارلیمنٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان  حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے ایس او پیز کا کہا لیکن میٹنگ ختم ہوتے ہی سیاحت کھولنے کا اعلان کر دیا، ایس او  پی لفظ آسان ہے لیکن اس پر عمل درآمد بہت مشکل ہے۔

 وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ خدشہ ہےکہ سیاحت کھولنے سےگلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا، یہی وجہ ہے کہ کے پی حکومت نے رابطہ کیاکہ آپ قومی اقتصادی کونسل میں سیاحت کھولنے کی مخالفت کریں کیونکہ سیاحت اگلے سال بھی ہو سکتی ہے۔

الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کی قیمت پر الیکشن ہم بھی نہیں چاہتے، اس لیے سخت لاک ڈاؤن کیا تاکہ الیکشن ممکن ہو سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی نہ ہوئی تو ن لیگ واحد اکثریتی جماعت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت نے ابھی تک نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام نہیں مانگے، وزیراعظم نے نگران حکومت کا اعلان مشاورت کے بغیر کیا تو مزاحمت کریں گے کیونکہ  وفاقی حکومت ہر اچھا کام برے طریقے سے کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن شیڈیول سے دو ماہ پہلے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام روک دیا گیا تھا۔

گلگت میں تعلیمی سہولیات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تھری جی اور فورجی نہ ہونے سے تعلیمی سرگرمیوں میں مشکلات ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختوخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو سیاحت کھولنے کے لیے ضابطہ کار بنانے کی ہدایت بھی کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :