21 جون ، 2020
اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ملیریا کی دوا ’رمڈیسیویر‘ کو کورونا وائرس کے علاج میں استعمال کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ڈریپ کی جانب سےکورونا مریضوں کے لیے دوران ایمرجنسی رمڈیسیویر کی اجازت دے دی گئی ہے اور اس کی دستیابی کویقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ رمڈیسیویر کےاستعمال کےحوالے سے حال ہی میں ایف ڈی اےکی جانب سے منظوری دی گئی تھی اسی لیے مریضوں کی بڑھتی طلب کے پیش نظرڈریپ نے بھی 2امپوٹرز، 14 لوکل مینوفیکچررز کو اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ڈریپ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا، جاپان، برطانیہ، یورپ میں استعمال کی اجازت کے فوری بعد ڈریپ نے بھی این اوسی کا اجراشروع کر دیا تھا تاہم رجسٹریشن لیٹرز کے بعد امپورٹرز، مینوفیکچررزکی جانب سے 2 ہفتوں میں دواکی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈریپ ترجمان کا کہنا تھا کہ شرائط کےتحت انجیکشن اوپن مارکیٹ کی بجائے مخصوص اسپتالوں اوراداروں کے پاس ہی موجود ہوگا، اس کے ساتھ ہی دوا سے متعلق کسی بھی قسم کے مضر اثرات رپورٹ ہونے کی صورت میں ڈریپ کو آگاہ کیا جائے گا۔
ڈریپ نے ہدایت کی کہ دوا کا استعمال ڈاکٹرکی ہدایت کے مطابق تشویشاناک حالت والےمریض ہی کر سکتے ہیں لہذا لوکل مینوفیکچررز کو رمڈیسیویر کے کلینیکل استعمال کے حوالے سے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔
اس کے علاوہ ڈریپ کی جانب سے انجیکشنز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی رجسٹریشن بورڈ اور کابینہ کو دواکی قیمت تجویزکرنے سے متعلق ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس ایمرجنسی بنیادوں پر بلایا جا چکا ہے۔