‏لاہور قلندرز کے ورچوئل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل

‏پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی مقبول اور متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز کے ورچوئل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔

ڈائریکٹر عاقب جاوید کی سربراہی میں کوچنگ پینل نے 128 کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کرلیا جب کہ 8 ویں ہفتے بھی 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔

منتخب ہونے والے 4 بلے بازوں میں انس محمود، سکندر خان، صائم ایاز اور میر سعید،  4 فاسٹ بولرز میں عاصم علی، سیف الرحمان، راشد خان اور محمد وقار جب کہ 4 اسپنرز میں عدنان جان، علی منظور، حیدر رضا اور نجم نصیر اور 4 وکٹ کیپرز میں علی شان، حسیب اللہ، محمد عون اور علی ناصر کا انتخاب ہوا ہے۔

ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ قلندر کے سکندر کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر بہت خوشی ہے، مطمئن ہوں کہ ورچوئل پروگرام میں بھی اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہر کیٹیگری کے چار، چار کرکٹرز کی شارٹ لسٹنگ کے لیے 6 ہفتے لگ جائیں گے اور مجموعی طور پر 16 کرکٹرز شارٹ لسٹ کیے جائیں گے۔

لاہور قلندرز کے سوشل میڈیا پیج پر شائقین کرکٹ بھی ووٹنگ میں حصہ لے سکیں گے اور منتخب ہونے والے کرکٹرز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دستیاب ہوں گی۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ منتخب ہونے والے کرکٹرز کو ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کی ڈرافٹ میں شامل کیا جائے گا، لاہور قلندرز ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ ستمبر میں کرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے دوسرے پروگرامز کی طرح قلندر کے سکندر بھی کامیاب جا رہا ہے اور پہلے مرحلے میں بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا  لہٰذا دوسرا مرحلہ بھی دلچسپ ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہی نہیں بیرون ملک سے بھی نوجوانوں نے ویڈیوز بھجوائی ہیں جب کہ پاکستان کے علاوہ 12 ممالک کے نوجوانوں کا بھی قلندرز کے سکندر میں انتخاب ہوا ہے۔

مزید خبریں :