Time 21 جون ، 2020
پاکستان

بلاول بھٹو کے چیلنج پر شہباز گِل جیکب آباد کے اسپتال پہنچ گئے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے چیلنج پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل جیکب آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پہنچ گئے۔

شہباز گِل نے جیکب آباد کے اسپتال کی حالت کی نہ صرف ویڈیو بنائی بلکہ بلاول بھٹو زرداری سے سوال بھی کرلیا کہ اسپتال کی حالت دیکھتے ہوئے آپ اپنا علاج یہاں کرائیں گے؟ جانوروں کے لیے بھی ایسا اسپتال نہیں ہوتا جیسا انسانوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

شہباز گل کے دورے پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا سخت رد عمل سامنے آیا، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ بولے شہباز گل اس اسپتال کا دورہ کرکے آگئے جو 5 سال سے بند ہے، بند اسپتالوں اور اسکولوں کی ویڈیوز بناکر تحریک انصاف کے رہنما عوام کو گمراہ نہ کریں۔

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کا چیلنج قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) سے متعلق تھا جب کہ شہباز گِل مرکزی اسپتال جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے بجائے غیر معروف اسپتال پہنچ گئے۔

ناصر شاہ کے بیان شہباز گل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ غلط بیانی نہ کریں جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیکب آباد کا مرکزی نہیں بلکہ چھوٹا اسپتال ہے جہاں نا آئی سی یو ہے نا ہی ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، جیکب آباد کا ایک ہی بڑا اسپتال ہے اور وہ وہیں گئے تھے۔

شہبا زگل کا کہنا تھا کہ عوام گدھا گاڑی میں مریض کو اسپتال لارہے ہیں، یہاں گندگی کے ڈھیر ان کا منہ چڑارہے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے۔

مزید خبریں :