28 مئی ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگِل نے کہا ہے کہ سندھ کی 99 فیصد شوگر ملز زرداری خاندان اور اُن کے فرنٹ مین کی ملکیت ہیں، پیپلزپارٹی کا واویلا کرنا بتا رہاہے کہ انہوں نے ن لیگ سے بھی زیادہ سبسڈی دی تھی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں شہباز گِل نے کہا کہ سیاسی نوُرا کشتی کرنے والوں کو قوم کی پائی پائی کا حساب دینا ہوگا، پیپلزپارٹی نے شوگر ملز کے ذریعے اربوں کھربوں لوٹے،کسی نے آج تک ان سے حساب نہیں مانگا،اب شوگر کمیشن کی رپورٹ نے واضح کیا کہ کس کس نے کتنا کتنا لوٹا ہے۔
شہباز گل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا واویلا کرنابتا رہاہے کہ انہوں نے ن لیگ سے بھی زیادہ سبسڈی دی تھی، سندھ کی 99فیصد شوگر ملز زرداری خاندان اور ان کے فرنٹ مین کی ملکیت ہیں،کون نہیں جانتا کہ سندھ میں اومنی گروپ نے کتنی لوٹ مار مچائی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ زرداری اور ان کے حواریوں نے کرپشن کے نت نئے طریقے ایجاد کروائے، سندھ میں صحت کے نظام کی جو حالت زار ہے اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔
اس سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چینی کی برآمد اور سبسڈی دینے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے بطور وزیر تجارت خود کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ چینی رپورٹ پر سندھ حکومت کو تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے، آج فرشتوں کی حکومت میں چینی منہگی کیوں ہے؟ ہمیں عام زمیندار کا مفاد عزیز تھا اسی وجہ سے یہ سبسڈی دی گئی تھی۔