22 جون ، 2020
کراچی میں لاک ڈاؤن کے بعد 2 اضلاع میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے جب کہ 4 اضلاع میں کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈوان کے بعد شہرکے 6 میں سے 4 اضلاع میں کیسز کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ہیں جب کہ 2 اضلاع میں کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کو ضلع شرقی سے 360 کیسز اور اتوار کو 395 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ضلع جنوبی میں ہفتے کو 346 کیسز اور اتوار کو 363 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ضلع وسطی میں ہفتے کو 165 کیسز اور اتوار کو 172 کیسز جب کہ ضلع کورنگی میں ہفتے کے روز 119 کیسز اور اتوار کو 140 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس کے برعکس ضلع ملیر اور غربی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کیسز میں کمی آئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ضلع ملیر میں ہفتے کو کورونا کے 185 کیسز اور اتوار کو 99 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ ضلع غربی میں ہفتے کو 140 اور اتوار کو 111 کیسز سامنے آئے ہیں۔